30 نومبر ، 2012
کراچی … سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کا کہنا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں سے کراچی کی صورتحال بہتر کرنے میں مدد ملے گی، سپریم کورٹ کو شہر کی خراب صورتحال پر تشویش ہے، عدالت کے تحریری حکم نامے سے متعلق ایم کیو ایم کا موٴقف وزن دار تھا، تمام جماعتوں کا اتفاق ہے کہ عدالتی ہدایات پر نئی حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو کہا گیا تھا کہ وہ انتظامی اقدامات کرلے، صوبائی حکومت کو نئے پولنگ بوتھ قائم کرنے کا کہا تھا ،جس کے بعد نئی حلقہ بندیاں کی جاتیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں سے شہر کی صورتحال بہتر کرنے میں مدد ملے گی، سپریم کورٹ کو کراچی کی خراب صورتحال پر تشویش ہے، سپریم کورٹ کراچی کے شہریوں میں ہم آہنگی چاہتی ہے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ نئی حلقہ بندیوں سے کراچی کی صورتحال بہتر کرنے میں مدد ملے گی، اس معاملے میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بغیر آگے بڑھنا مشکل ہے۔ اشتیاق احمد خان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، تمام جماعتوں کا اتفاق ہے کہ عدالتی ہدایات پر نئی حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے نمائندوں نے نئی حلقہ بندیوں کی مخالفت نہیں کی، ایم کیو ایم نے سپریم کورٹ کا حکم نامہ دکھانے کا مطالبہ کیا، عدالتی حکم نامہ نہیں تھا، 5 رکنی بینچ کے زبانی احکامات ہیں، اس حوالے سے ایم کیو ایم کا موٴقف وزن دار تھا۔