کاروبار
Time 21 اکتوبر ، 2022

دنیا کے امیر ترین شخص کی دولت میں ایک سال کے دوران کتنی بڑی کمی آئی؟

ایلون مسک / رائٹرز فوٹو
ایلون مسک / رائٹرز فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں مگر ایک سال کے دوران وہ کھربوں روپوں سے محروم بھی ہوچکے ہیں۔

فوربز میگزین کی ایک رپورٹ کے مطابق نومبر 2021 میں ایلون مسک تاریخ کے پہلے شخص بنے تھے جن کے اثاثوں کی مالیت 300 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی تھی۔

مگر اس کے بعد سے کافی کچھ ہوچکا ہے، ابھی وہ کئی ماہ کے ڈرامے کے بعد ٹوئٹر کو خریدنے کے قریب ہیں اور رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سوشل میڈیا نیٹ ورک کو خریدنے کے بعد 75 فیصد عملے کو فارغ کرسکتے ہیں۔

مگر ایک سال کے دوران وہ 100 ارب ڈالرز سے زیادہ دولت سے محروم بھی ہوچکے ہیں۔

4 نومبر 2021 کو ایلون مسک کے اثاثوں کی مالیت 320.3 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی تھی مگر 20 اکتوبر 2022 کو وہ 209.4 ارب ڈالرز کے مالک تھے۔

صرف اکتوبر 2022 کے دوران ہی ایلون مسک کو 28 ارب ڈالرز کا نقصان ہوچکا ہے اور آنے والے دنوں میں ان کی دولت میں مزید کمی کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق اقتصادی کساد بازاری ٹیسلا کی گاڑیوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوگی اور اس کا اثر ایلون مسک کے اثاثوں پر بھی مرتب ہوگا۔

ایلون مسک نے گزشتہ سال ٹوئٹر کو خریدنے کے لیے ٹیسلا کے 31 ارب ڈالرز مالیت کے حصص فروخت کیے تھے مگر اب تک یہ معاہدہ مکمل نہیں ہوسکا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کا ماننا ہے کہ ایلون مسک سوشل نیٹ ورک کے لیے بہت زیادہ ادائیگی کررہے ہیں اور اس کے لیے غیر ذمہ داری سے ٹیسلا کے حصص فروخت کررہے ہیں۔

ویسے ایلون مسک اتنے امیر ہیں کہ ایک سال میں 111 ارب ڈالرز سے محروم ہونے کے بعد بھی دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔

وہ اب بھی دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص برنارڈ آرنلٹ سے 60 ارب جبکہ ایمازون کے بانی جیف بیزوس سے 71 ارب ڈالرز زیادہ کے مالک ہیں۔

مزید خبریں :