ٹوئٹر کو خریدنے کے لیے زیادہ رقم ادا کرنے کے باوجود پرجوش ہیں، ایلون مسک

عدالت نے ایلون مسک کو 28 اکتوبر تک ٹوئٹر کی خریداری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے / اے ایف پی فوٹو
عدالت نے ایلون مسک کو 28 اکتوبر تک ٹوئٹر کی خریداری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے / اے ایف پی فوٹو

ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے تسلیم کیا ہے کہ وہ ٹوئٹر کو زیادہ قیمت پر خرید رہے ہیں۔

ٹیسلا کی سہ ماہی رپورٹ کے اجرا کے موقع پر ایلون مسک نے کہا کہ یقیناً ٹوئٹر کے لیے ہم زیادہ قیمت ادا کررہے ہیں مگر وہ اس سوشل میڈیا سائٹ کی ملکیت کے حوالے سے پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'اگرچہ ابھی ہم ٹوئٹر کے لیے زیادہ رقم خرچ کررہے ہیں مگر اس سوشل میڈیا نیٹ ورک میں ایسے طویل المعیاد مواقع چھپے ہیں جو اس کی موجودہ قدر کے مقابلے میں قیمتی ہیں'۔

خیال رہے کہ چند ماہ پہلے  میں ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ وہ 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر کو خریدنا چاہتے ہیں جس کے چند ہفتے دونوں فریقین میں معاملات خراب ہونا شروع ہوگئے۔

ایلون مسک نے جولائی میں اسپام اکاؤنٹس کی تعداد کو جواز بناکر ٹوئٹر کو خریدنے کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کا اعلان کیا تھا۔

ایلون مسک کا دعویٰ تھا کہ ٹوئٹر کی جانب سے اس پلیٹ فارم میں موجود بوٹس کی تعداد کے حوالے سے انہیں گمراہ کیا گیا تھا۔

ٹیسلا کے بانی کے پیچھے ہٹنے کے بعد ٹوئٹر نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا تاکہ ایلون مسک کو معاہدے پر عملدرآمد پر مجبور کیا جاسکے۔

مگر 4 اکتوبر کو ایلون مسک نے اپنے فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے ٹوئٹر کو آگاہ کیا کہ وہ معاہدے کی اصل شرائط کے مطابق آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔

اس کے بعد عدالت نے 28 اکتوبر تک ٹوئٹر کی خریداری کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ایلون مسک ٹوئٹر کوخریدنے کے بعد ایک سپر ایپ میں بدلنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :