Time 22 اکتوبر ، 2022
پاکستان

الیکشن کمیشن کے فیصلے میں حکومت کی مرضی کی چیزیں شامل کی جارہی ہیں:فواد

ابھی تک الیکشن کمیشن نے فیصلے کی کاپی نہیں دی، اگر آپ کےپاس فیصلہ موجود نہیں تو آپ نےکیا سنایا ہے؟ پی ٹی آئی رہنما/ فائل فوٹو
ابھی تک الیکشن کمیشن نے فیصلے کی کاپی نہیں دی، اگر آپ کےپاس فیصلہ موجود نہیں تو آپ نےکیا سنایا ہے؟ پی ٹی آئی رہنما/ فائل فوٹو

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما فواد  چوہدری کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نے اب تک عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ جاری نہیں کیا اور اس فیصلے میں تبدیلی کرکے حکومت  کی مرضی کی چیزیں شامل  کی جارہی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد  چوہدری نے کہا کہ بند کمروں میں فیصلے کرنے کا زمانہ گزر گیا، ملک کے مقبول ترین لیڈر کو نا اہل کیا گیا جس پر عوام نے عمران خان سے اپنی محبت کااظہار کیا، پارٹی کی کوئی اپیل نہیں تھی اور پورے ملک میں لوگ نکلے، کل سب سے پہلے کوئٹہ ، گلگت بلتستان اور دیامر میں احتجاج ہوا، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی ، سکھر ، گوجرانوالہ کس شہر میں لوگ باہر نہیں نکلے۔

انہوں نے کہا کہ قومی لیڈر کو سیاسی دھارے سے باہر کرنےکا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ ملک کے عوام نے مسترد کردیا، فیصلے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔

پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے سے زیادہ گزر گئے ،الیکشن کمیشن کا فیصلہ جاری نہیں ہوا، ابھی تک الیکشن کمیشن نے فیصلے کی کاپی نہیں دی، اگر آپ کےپاس فیصلہ موجود نہیں تو آپ نےکیا سنایا ہے؟ فارن فنڈنگ کیس میں بھی الیکشن کمیشن نےویب سائٹ پر فیصلہ جاری کیا، اس فیصلے میں بھی تبدیل کی جارہی ہے،  اور حکومت کی مرضی کی چیزیں شامل کی جارہی ہیں،  سازشیں بند کمروں سے باہر نہیں آ پارہیں، سازشیں جب بھی باہر آئیں تو سازشوں اور  سازشیوں کو گلے سے پکڑیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن سے پہلے بھی کوئی امید نہیں تھی، ان کا نشانہ صرف عمران خان ہے لیکن یہ عمران خان کا نہیں پاکستان کے 22کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :