23 اکتوبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ ٹف ہی ہوتا ہے، یہ ہی اس کی خوبصورتی ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں بھارت کے ہاتھوں 4 وکٹوں سے شکست کے بعد میلبرن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ہماری جانب سے کوئی کمی رہی، بھارت کو اچھا مومنٹیم مل گیا تھا، ویرات کوہلی کو کریڈیٹ دینا ہوگا،وہ زبردست کھیلا۔
بھارت کے خلاف شاندار نصف سنچری اسکور کرنے والے افتخار احمد نے کہا کہ' میری پرفارمنس اتنی بری نہیں جتنی مجھ پر لوگ انگلی اٹھاتے ہیں،جو لوگ منفی بات کرتے ہیں تو میں اس میں سے مثبت نکالتا ہوں'۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ میں سو فیصد دوں، مجھے معلوم نہیں تھا کہ میں آسٹریلیا میں چار چھکے لگانے والا پہلا پاکستانی بیٹر بنا۔
افتخار احمد کاکہنا تھا کہ نواز ہمارا پرفارمر ہے، اس نے ہر جگہ پرفارم کرکے میچ جتواے ہیں،ایک میچ برا ہوگیا تو اس سے فرق نہیں پڑتا، ہمیں پلیئرز کو سپورٹ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ میلبرن میں کھیلے گئے پاک بھارت ٹاکرے میں افتخار احمد نے چار چھکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 51 رنز بنائے، وہ آسٹریلوی سر زمین پر ایک ٹی ٹوئنٹی اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی بن گئے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دی۔
بھارت نے پاکستان کا 160 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 4 وکٹوں سے ہرایا۔