25 اکتوبر ، 2022
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق اعظم نذیر تارڑ ذاتی وجوہات کی بنا پر مستعفی ہوئے۔ صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائے گئے استعفے میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں بطور وزیرقانون خدمات سرانجام دے رہے تھے مگر اب وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر بطور وزیر اپنی خدمات سرانجام نہیں دے سکتے اس لیے وہ اپنی وزارت سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
مستعفی ہونے سے قبل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں شرکا کے ایک مختصر گروہ کی طرف سے ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی پر دکھ اور افسوس ہوا ہے،جذباتی نعرہ بازی کرنے والے حکومتی اقدامات اور اداروں کی کوششوں اور قربانیوں کو بھی بھول گئے،ہم سب ایک مضبوط پاکستان کے خواہاں ہیں۔
اس ٹوئٹ کے کچھ دیر بعد یہ خبر موصول ہوئی کہ اعظم نذیر تارڑ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔