01 نومبر ، 2022
کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اسٹریٹ کرائم کو لے کر کراچی کو دیگر شہروں سے بہتر قرار دے دیا۔
جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم آسان جرم اورکراچی کا پرانا مسئلہ ہے، اسٹریٹ کرائم کے لیے قانون میں سخت سزا ہونی چاہیےکیونکہ سزا نہ ہونے کی وجہ سے ملزم فائدہ اٹھا رہے ہیں جب کہ تفتیش کو بہتر کرنے کے لیے نفری اور وسائل کی کمی ہے۔
غلام نبی میمن نے کہاکہ کراچی میں گزشتہ سال 82 ہزار اور لاہور میں 2 لاکھ 3 ہزار جرائم رپورٹ ہوئے،کراچی دیگر شہروں سے اب بھی بہتر ہے۔
آئی جی سندھ کاکہنا تھا کہ سندھ پولیس کو دیگر ممالک کی فورس کی طرح جدید کرناہے، حکومت نے سی ٹی ڈی کے لیے 3 ارب کا پیکج منظور کیا ہے، سی ٹی ڈی کو تمام جدید ٹیکنالوجیز دی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی نفری ایک لاکھ 23 ہزار ہے جو ایک لاکھ 70 ہزار ہونی چاہیے، تھانہ کلچر کو بہتر کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، امید ہے پولیس عوام کی امید پر پورا اترے گی۔