08 نومبر ، 2022
اسلام آباد: وفاقی پولیس نے پشاور موٹروے کو کلیئر کرنے کے لیے سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو خط لکھ دیا ۔
سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر کو لکھے گئے خط میں پولیس نے اسلام آباد ائیرپورٹ جانے والے لاہور پشاور موٹروے کو کلیئرکرنے کی اجازت مانگی ہے۔
وفاقی پولیس کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے ائیرپورٹ کا شمار اہم تنصیبات میں ہوتا ہے،ائیرپورٹ جانے اور آنے والے راستے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں لہٰذا آئین کے تحت چیف سیکرٹری پنجاب اور پولیس چیف کو واضح ہدایات جانی چاہیے۔
خط میں مزید کہا گیا ہےکہ اسلام آباد ائیرپورٹ اور راستے انتظامی طور پر پنجاب کی حدود میں ہیں، وفاقی دارالحکومت تک رسائی کے لیے سفارت کار اور غیرملکی شخصیات یہی راستہ استعمال کرتے ہیں، تمام وی وی آئی پیز کی نقل و حرکت اسی راستے سے ہوتی ہے، اس لیےائیرپورٹ پر ناخوشگوار واقعہ ملک کے لیے بدنامی کا باعث بن سکتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو مکمل اختیارات دے کر راستے خالی کرانے کا اختیار دیا جائے اس حوالے سے تمام صوبوں کو واضح ہدایات جانی چاہیے کہ 3 ٹول پلازوں تک رسائی دی جائے۔
واضح رہےکہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے اسلام آباد کے داخلی راستوں پر مظاہرے جاری ہیں جس کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، تحریک انصاف کے مظاہروں کے باعث اہم شاہراہیں بند ہوگئیں اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جب کہ ٹریفک جام سے ہزاروں مسافرپھنس کر رہ گئے۔