14 نومبر ، 2022
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق وزیراعظم کی صوابدید ہے تاہم تعیناتی کا فیصلہ وزیراعظم نے ہی کرنا ہے۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے خواجہ آصف سے سوال کیا کہ کیا آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ ہو چکا ہے؟ جس پر وزیر دفاع نے جواب دیا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں ہوا۔
صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ نواز شریف کا آرمی چیف کی تعیناتی میں کوئی کردار ہے؟ جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر مشورہ وزیراعظم کی صوابدید ہے، وزیراعظم ہی آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کریں گے۔
خواجہ آصف سے پھر پوچھا گیا کہ نواز شریف سے کیا کوئی مشاورت بھی نہیں ہو رہی؟ جس پر وزیر دفاع نے کہا کہ ابھی تک آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت نہیں ہوئی، یہ اخباری خبریں ہیں۔
عمران خان کی جانب سے امریکی سازش سے متعلق مؤقف تبدیل کرنے سے متعلق سوال پر رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کیا عمران خان پہلی بار مکر رہا ہے؟ وہ ہر چیز سے مکر جاتا ہے، گزشتہ 4 سال میں کتنی باتیں کیں،کسی بات پر عمران خان کھڑا رہا ہے؟
خواجہ آصف کا کہنا تھا عمران خان کس حالت میں ہوتا ہے اور کیا کہہ جاتا ہے اسے خود یاد نہیں رہتا، عمران خان نے کل کہا ہے میرے قتل کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، اس آدمی کو یہ پتہ ہی نہیں کہ وہ کہتا کیا ہے، اگر کچھ لوگ اس کی بات پر اعتبار کرنے کو تیار ہیں تو یہ ان کا معاملہ ہے۔