16 نومبر ، 2022
بھارت: دھوکے سے خاتون کے گردے نکالنے پر متاثرہ خاتون نے حکومت سے اپیل ہے کہ اسے ڈاکٹر کے دونوں گردے دلوائے جائیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بھارت کے شہر مظفرپور کے نجی اسپتال میں رواں برس ستمبر میں پیش آیا جہاں 38 سالہ سنیتا دیوی کو بچہ دانی میں انفیکشن کے علاج کے لیے لایا گیا تھا لیکن ڈاکٹر نے دھوکے سے دونوں گردے نکال لیے۔
رپورٹس کے مطابق سنیتا اب اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر ان کے ڈائیلیسز ہورہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ 'فراڈ کرنے والے ڈاکٹر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ڈاکٹر کے دونوں گردے نکال کر اسے لگائے جائیں تاکہ وہ اپنی زندگی پہلے جیسی گزار سکیں'۔
متاثرہ خاتون نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ 'اگر ڈاکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی گئی تو یہ ان تمام لالچی ڈاکڑز کیلئے سبق ہوگا جو غریب عوام کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں'۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آر کے سنگھ نامی ملزم ڈاکٹر آپریشن کے بعد سے مفرور ہے اور پولیس کو اس کے ٹھکانے کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سنیتا تین کم عمر بچوں کی ماں ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ اس کی زندگی بچائی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرسکے۔