02 جون ، 2025
بنگلا دیش کے کرنسی نوٹوں پر سے ملک کے بانی اور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے والد شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹا دی گئی اور نئے ڈیزائن والے نوٹ جاری کر دیے گئے۔
بنگلا دیش نے اتوار کو نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ جاری کیے ہیں اور ملک کے بانی اور معزول وزیرِاعظم شیخ حسینہ کے والد شیخ مجیب الرحمان کی تصویر کو نوٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
مقامی بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے نوٹوں پر انسانی تصویر کے بجائے قدرتی مناظر اور تاریخی مقامات پرنٹ کیے گئے ہیں،ابھی 20، 50 اور 1000 مالیت کے نوٹ جاری کیے گئے ہیں۔
بینک کے ترجمان نے بتایا کہ مختلف مالیت کے نوٹوں کا مرحلہ وار اجرا کیا جائے گا، پرانے نوٹ اور سکے بھی گردش میں رہیں گے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ بنگلا دیش میں کرنسی ڈیزائن میں تبدیلی کی گئی ہو۔
1972 میں جب ملک نے مشرقی پاکستان سے بنگلا دیش کا نام اختیار کیا تو پہلے نوٹوں پر ملک کا نقشہ دکھایا گیا۔ بعد میں، شیخ مجیب الرحمان اور ان کی جماعت عوامی لیگ کے اقتدار کے دوران شیخ مجیب کی تصاویر نوٹوں پر چھاپی گئیں۔
جب دوسری جماعتیں، خاص طور پر بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی اقتدار میں آئیں تو نوٹوں پر تاریخی اور آثار قدیمہ کے مقامات کی تصاویر بھی شامل کی گئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کو بنگلادیش میں پرتشدد مظاہروں اور ان میں سیکڑوں ہلاکتوں کے بعد بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔
تقریباً 17 کروڑ آبادی پر مشتمل ملک کو اب ایک نگران حکومت چلا رہی ہے۔