01 جون ، 2025
بنگلادیش کی خصوصی عدالت میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پر انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام عائد کر دیے گئے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبیونل کی سماعت براہ راست نشرکی گئی، سماعت میں پراسیکیوٹر نے کہا کہ مفرور سابق وزیراعظم نے اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کچلنے کے لیے منظم، وسیع اور مربوط حملے کروائے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ حملے میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکمران جماعت کے مسلح کارکنوں کو بھی استعمال کیا گیا، منظم حملہ انسانیت کے خلاف جرائم کے زُمرے میں آتا ہے۔
شیخ حسینہ واجد کے ساتھ سابق وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس پر بھی حملوں میں مدد کرنے، اُکسانے، معاونت، سہولت کاری، سازش اور اجتماعی قتل عام نہ روکنے میں ناکامی کے الزامات عائد کیے گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس طلبہ کے حکومت مخالف احتجاج پر شیخ حسینہ واجد کو 15 سالہ اقتدار چھوڑ کر بھارت میں پناہ لینی پڑی تھی، مظاہرین کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن میں 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔