19 نومبر ، 2022
اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو ریلی نکالنے کی اجازت دیتے ہوئے این او سی جاری کر دیا۔
گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے وکیل سے کہا تھا کہ جلسے اور دھرنے کی اجازت کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کو نیا خط لکھ دیں۔
اب پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد انتظامیہ کو ریلی کی اجازت کے لیے خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی آج کورال چوک اسلام آباد سے ریلی نکالنا چاہتی ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ریلی کورال چوک سے چک بیلی موڑ روات تک نکالی جائے گی، ریلی نکالنے کے لیے این او سی جاری کیا جائے۔
بعد ازاں اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کے بعد انہیں ریلی نکالنے کی اجازت دیتے ہوئے این او سی جاری کر دیا۔