Time 18 نومبر ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی نے جلسہ کرنا ہے تو انتظامیہ کو نئی درخواست دے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اگر جلسےکی اجازت دیں گے تو یقینی بنائیں گے کہ سڑکیں بلاک نہ ہوں: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ۔ فوٹو فائل
 اگر جلسےکی اجازت دیں گے تو یقینی بنائیں گے کہ سڑکیں بلاک نہ ہوں: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ۔ فوٹو فائل

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے وفاقی دارالحکومت میں جلسہ کرنا ہے تو  انتظامیہ کو نئی درخواست جمع کرائے۔

پی ٹی آئی کی جلسے اور دھرنے کے لیے این او سی کے اجرا کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جس جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں ہوئی۔

دوران سماعت عمران خان پر جلسے کے دوران حملے کے خدشے کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق عمران خان پر حملے کے خدشات ہیں، حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس چیز کو بھی مدنظر رکھے۔

جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا سیاسی اور غیر سیاسی جماعتوں کا حق ہے لیکن عام شہریوں اور پٹیشنرز تاجروں کے بھی حقوق ہیں جو متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں بھی مظاہرین ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر آ جاتے ہیں اور احتجاج کرتے ہیں لیکن سڑک بلاک نہیں کرتے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داریاں نہیں سنبھال سکتی، اگر آپ ڈپٹی کمشنر کے کسی آرڈر سے متاثر ہوئے تو عدالت آئیں۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت میں کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ لانگ مارچ نہیں روک سکتے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جی ٹی روڈ، موٹر وے اور دیگر شاہراہیں بلاک کیں، آپ کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ نئی درخواست کے لیے پارٹی قیادت سے مشاورت کرنی ہے۔

عدالت نے پی ٹی آئی وکیل کی استدعا پر سماعت 22 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اگر جلسہ کرنا ہے تو انتظامیہ کو نئی درخواست دے، اگر جلسےکی اجازت دیں گے تو یقینی بنائیں گے کہ سڑکیں بلاک نہ ہوں، انتظامیہ نے یقینی بنانا ہے کہ عوام کے حقوق متاثر نہ ہوں۔

مزید خبریں :