پاکستان
05 دسمبر ، 2012

نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں460فی صد اضافہ

کراچی… محمد رفیق مانگٹ… نائن الیون کے بعد دنیا غیر محفوظ ہوگئی۔ورلڈ ٹریڈ سینٹر حملے کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں460فی صد، اور ان واقعات میں ہلاکتوں میں195 فی صد اور زخمیوں میں224فی صد اضافہ ہوا۔عالمی سطح پر دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی درجہ بندی Global Terrorism Index میں یہ بات سامنے آئی کہ 11ستمبر2001کے واقعے کے ایک عشرے بعد کرہ ارض میں صرف شمالی امریکا ہی محفوظ رہا جس میں دہشت گردی کے صرف 127واقعات ہوئے اور ان واقعات میں23ہلاکتیں ہوئی۔2011میں پاکستان میں دہشت گردی کے910واقعات ہوئے جن میں1468افراد ہلاک اور2459افراد زخمی ہوئے۔ جب کے458املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ 158ممالک کی اس فہرست میں پاکستان دوسرے درجے پر ہے جو واقعات اور ہلاکتوں میں عراق کے بعد ہے ۔عراق1228 دہشت گردی کے واقعات میں179ہلاکتوں ،4905 زخمیوں اور660املاک کے نقصان کے ساتھ دنیا بھر میں سرفہرست ہے۔ تیسرے پر افغانستان جہاں346واقعات ہوئے، جن میں1293افراد ہلاک،1882زخمی ہوئے او ر131املاک کو نقصان پہنچایا گیا،اس فہرست میں 529واقعات کے ساتھ بھارت چوتھے پر ہے بھارت میں402افراد ہلاک،667زخمی،اور184املاک تباہ کی گئی۔سڈنی کے اکنامکس اینڈ پیس انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق دہشت گردی کے زیادہ تر واقعات میں دہشت گردوں نے عمارات اور کاروبار کو نشانہ بنایا۔ جب کہ انفرادی حملے کم دیکھنے میں آئے۔تین فی صد سے کم ان واقعات میں القاعدہ کا ہاتھ رہا۔ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے سال دہشت گردی کے 4565واقعات میں صرف القاعدہ نے ایک کی ذمہ داری قبول کی اور وہ بھی اغوا کا واقعہ تھا۔دنیا میں اس وقت دہشت گردی میں 20گروپ سرفہرست میں ہیں جن میں سے گیارہ کا تعلق القاعدہ سے ہے۔مغربی یورپ میں 910واقعات ہوئے جن میں439افراد ہلاک ہوئے ،ان دس سالوں میں برطانیہ میں236واقعات ہوئے۔ برطانیہ کو دہشت گردی سے درپیش خطرے کے28نمبر رکھا گیا،جب کہ اسی خطے کے دو سرفہرست خطرناک ممالک میں ناروے اور یونان ہے ۔ 2002سے2011تک عالمی سطح پردہشت گردی کے تاثر میں اضافہ ہوا ۔2007عراق کے لئے خونی سال رہا۔2002سے2011تک دنیا کے35فی صد دہشت گردی کے واقعات عراق اور افغانستان میں ہوئے۔ پاکستان بھارت ،افغانستان سمیت دنیا کے دس ممالک میں دہشت گردی کے84فی صد واقعات ہوئے۔ 158میں سے31ممالک میں 2001سے اب تک دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہوا۔2007سے دہشت گردی میں ہلاکتوں کی تعدا25فی صد کم ہوئی۔ کم آمدنی والے ممالک دہشت گردی سے کم متاثر ہوئے ۔امریکا،الجیریا اور کولمبیا نے گزشتہ دہائی میں اپنی صورت حال کو بہتر کیا۔

مزید خبریں :