Time 23 نومبر ، 2022
پاکستان

پنڈی اسلام آباد میں کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 2 دہشتگرد گرفتار

مبینہ دہشتگرد کمانڈر خالد نے جعلی نام سے پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا: ترجمان سی ٹی ڈی۔ فوٹو فائل
 مبینہ دہشتگرد کمانڈر خالد نے جعلی نام سے پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا: ترجمان سی ٹی ڈی۔ فوٹو فائل

کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے جڑواں شہروں راولپنڈی اور  اسلام آباد میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پولیس نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں کارروائیاں کر کے کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب کمانڈر خالد سمیت 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق مبینہ دہشتگرد کمانڈر خالد نے جعلی نام سے پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا، دہشتگرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، دھماکا خیز مواد کو راولپنڈی میں تخریبی سرگرمیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خالد 2019 میں افغانستان میں گرفتار ہو کر جلال آباد اور پل چرخی جیل میں قید بھی رہا، 2021 میں طالبان حکومت آنے کے بعد پل چرخی جیل ٹوٹنے پر فرار ہو کر غیر قانونی طور پر پاکستان داخل ہوا، دہشتگرد خالد نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے محمد خالد کے نام سے جعلی شناختی کارڈ بنایا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ پشاور کا رہائشی کالعدم تنظیم کا دہشتگرد فاروق بھی دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار ہوا، دہشتگرد فاروق راولپنڈی، اسلام آباد میں دہشتگردی کے منصوبے سے داخل ہوا تھا، گرفتار دہشتگردوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں :