05 دسمبر ، 2012
منیلا…فلپائن میں آنے والے شدید سمندری طوفان بوفا کے باعث238 افراد ہلاک اور سینکڑوں لاپتہ ہوگئے جبکہ مواصلات اور بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے ہزاروں افراد کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق اب تک238 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 49افراد ایک پہاڑی علاقے نیوبا تان، 51 مشرقی جزیرے مندانو، وسطی علاقے وسازیاس جبکہ باقی دیگرعلاقوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔فلپائنی حکام کے مطابق نیوباتان میں ہلاکتیں لوگوں کے مٹی کے تودوں میں دب جانے کے باعث ہوئیں جب کہ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک فوجی بھی مارا گیا ہے۔ اس کے علاوہ6 فوجیوں سمیت درجنوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ابھی ریسکیو کارکن تمام علاقوں تک نہیں پہنچ پائے حتمی نتائج تک ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہونے کا امکان ہے۔