Time 26 نومبر ، 2022
پاکستان

یقین دلاتاہوں ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا: شہباز شریف

ماضی میں ترکیہ کی بعض کمپنیوں کیلئے پاکستان میں مشکلات رہیں، ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: وزیراعظم— فوٹو: فائل
ماضی میں ترکیہ کی بعض کمپنیوں کیلئے پاکستان میں مشکلات رہیں، ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: وزیراعظم— فوٹو: فائل

استنبول: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے یقین دلاتاہوں ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،  ہم پاکستان میں شمسی توانائی سے 10 ہزار میگا واٹ کا منصوبہ لے کر آرہےہیں،  پاکستان میں شمسی توانائی کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجودہیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں دستیاب پرکشش مواقع سے بھرپور استفادہ کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بالخصوص قابل تجدید توانائی، دفاعی پیداوار، شمسی توانائی سمیت متنوع شعبہ جات میں ترک سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کررہے ہیں جبکہ ترکیہ کے ساتھ تین برسوں میں باہمی تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار ہفتے کو  استنبول میں پاکستان ترکیہ بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترکیہ کی بعض کمپنیوں کیلئے پاکستان میں مشکلات رہیں، ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات ہیں، تجارتی حجم میں اضافہ کرنے کیلئے ترکیہ کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، ترکیہ کے ساتھ تین سالوں میں تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھائیں گے۔

بعد ازاں وزیر اعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد استنبول انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے وطن واپسی کیلئے روانہ ہو گئے۔

دو روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردگان نے استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے چار ملجم کارویٹ جہازوں میں سے تیسر ے جہاز پی این ایس خیبر کا افتتاح کیا۔

مزید خبریں :