27 نومبر ، 2022
قومی ایتھلیٹیکس چیمپئن شپ کا پچاسواں ایڈیشن لاہور میں ختم ہوگیا، تین روزہ مقابلوں میں مردوں میں پاکستان آرمی جبکہ خواتین ایونٹ میں واپڈا کی ٹیم فاتح قرار پائی۔
پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں ایونٹ کے آخری روز اولمپئن جیولن تھرور ارشد ندیم سب کی توجہ کا مرکز رہے،اُنہوں نے توقع کے مطابق جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتا۔
ارشد ندیم نے 81.21 میٹر تھرو کر کے گولڈ میڈل جیتا، آرمی کے محمد ابرار نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
خواتین کی دو سو میٹر ریس میں تامین خان جبکہ مردوں کی دو سو میٹر ریس میں شجر عباس نے گولڈ میڈل جیتا ۔
مردوں کے مقابلوں میں آرمی نے 14 گولڈ، 11 سلور اور 8 برانز میڈل جیتے، آرمی نے 428 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، واپڈا نے 7 گولڈ، 5 سلور اور 7 برانز میڈلز حاصل کیے۔اس کے علاوہ ایچ ای سی کی تیسری پوزیشن رہی۔
خواتین میں واپڈا نے 12 گولڈ، 10 سلور اور 9 برانز میڈلز اور 387 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، آرمی کی دوسری اور ایچ ای سی کی تیسری پوزیشن رہی ۔