20 فروری ، 2012
اسلام آباد…مسلم لیگ ن نے سینیٹ کی اسلام آباد سے دونوں نشستوں سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے بعد مسلم لیگ ق کے مشاہد حسین اور پیپلز پارٹی کے عثمان سیف اللہ اسلام آباد سے بلامقابلہ سینیٹرز منتخب ہو گئے ہیں۔مسلم لیگ ن کے عمر مغل نے جنرل نشست پر جبکہ ڈاکٹر مظہر حسین مرزا نے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔عمر مغل کے کاغذات درست جبکہ مظہر حسین مرزا کے کاغذات مسترد کردیئے گئے تھے۔دونوں امیدوارریٹرنگ افسر کے سامنے پیش ہوئے اور انتخابات سے دستبرداری کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا،عمر مغل نے کاغذات واپس لے لئے جبکہ مظہر مرزا نے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر نہیں کی،جس کے بعد اسلام آباد سے مسلم لیگ ق کے مشاہد حسین ٹیکنوکریٹ جبکہ پیپلز پارٹی کے عثمان سیف اللہ جنرل نشست پر بلامقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔