06 دسمبر ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اسلام آباد کا نجی مال سیل کرنے پر حکومت کو تنیقید کا نشانہ بنایا ہے۔
فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے شہباز شریف کی تقریر کے دوران اپنی نشست پر کھڑے ہوکر کشمیر پر پاکستان کے کمزور مؤقف پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اس تقریب کے بعد پہلے منگلا میں سردار تنویر الیاس کی گاڑی کو روکا گیا اور آج اسلام آباد میں ان کے کاروبار کو سیل کر دیا گیا۔
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی فاشسٹ اور غیرجمہوری حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی، اگر صرف احتجاج پر کشمیر کے وزیر اعظم سےایسی حرکتیں ہوں گی تو مقبوضہ کشمیر کو آپ کیا پیغام دے رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس ملک میں سرمایہ کار کو آپ کیا پیغام دے رہے ہیں؟ سسکتی معیشت ایسی حرکتوں سے مزید نیچے جائے گی، ملک میں جمہوریت بحال کریں۔