08 دسمبر ، 2022
کراچی کی ائیر پورٹ پولیس نے مسافر کے 4 قیمتی موبائل فون پر مشتمل بیگ گمشدگی کے تین دن بعد تلاش کرکے مسافر کے حوالے کردیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق 4 دسمبر کو محمد عارف نامی مسافر اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 369 کے ذریعے کراچی پہنچا اور اپنا ایک پارسل ائیر پورٹ پر ہی بھول گیا۔
عرفان بہادر کے مطابق مسافر نے اگلے روز 5 دسمبر کو ائیرپورٹ تھانے میں پارسل میں لگ بھگ آٹھ لاکھ روپے مالیت کے چار قیمتی موبائل فون کی موجودگی اور گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔
ایس ایچ او ائیرپورٹ کلیم موسیٰ کے مطابق رپورٹ کے اندراج کے بعد انہوں نے ٹیکنیکل طریقے سے مذکورہ پارسل تلاش کرکے اس میں موجود چار موبائل فون مسافر کے حوالے کر دیے۔
مسافر محمد عارف نے ائیر پورٹ پولیس کے احساس ذمہ داری اور اس کی مدد پر شکریہ ادا کیا ہے۔