08 دسمبر ، 2012
کراچی…اختر علی اختر…عالمی اردو کانفرنس کی آٹھویں تقریب ”دو شاعر ایک شام“کے حوالے سے منعقد کی گئی۔ انور مسعود اور امجد اسلام امجد اس میں مدعو تھے جن کے مخصوص اندازِ، مزاح اور رومانوی شاعری کے حسین امتزاج سے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اراکین لطف اندوز ہوئے۔ سب سے پہلے ڈاکٹر انور مسعود نے اپنے مخصوص انداز میں ہنستے مسکراتے ہوئے مزاحیہ قطعات اور غزلیں سنائیں اور حاضرین کے دل موہ لئے۔ ان کے بعد معروف شاعر امجد اسلام امجد کو کلام پڑھنے کی دعوت دی گئی، امجد اسلام امجد نے بھی حاضرین کی خواہشات کے مطابق اپنی مشہور اور معروف غزلیں اور نظمیں سنا کر ڈھیروں داد وصول کی۔ اس موقع پر امجد اسلام امجد نے کہا کہ کراچی کے نا مسائد حالات میں ایسی ادبی رنگا رنگ محفلیں سجانا آرٹس کونسل کراچی کا اپنا ایک منفرد انداز ہے جس کو دیگر شہروں کے لوگ محسوس نہیں کر سکتے۔ کراچی آکر اپنے پن کا احساس ہوتا ہے اور عالمی کانفرنس کی حسین یادوں کے سہارے پورا ایک سال بسر کرتا ہوں۔ مزاح گو شاعر انور مسعود نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی والے دوسرے شہروں کے ادیبوں اور شاعروں کو یاد کر کے جو مہمان نوازی کرتے ہیں اس کا احسان کوئی نہیں اتار سکتااور مشاعرے میں جو داد ہم نے وصول کی تو ہمیں یہ احساس ہوا کہ کراچی والے ادب نواز لوگ ہیں جس کی مثال نہیں ملتی۔