08 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ دہری شہریت کے بل کی حمایت نہیں کریں گے۔اُن کا کہنا ہے کہ کالاباغ ڈیم سے متعلق عدالت کا فیصلہ قابل عمل نہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دہری شہریت پر عدالت کا فیصلہ درست ہے تاہم کالاباغ ڈیم کا تکنیکی مسئلہ سیاسی مسئلہ بن چکاہے،کالاباغ ڈیم کے خلاف تین صوبوں نے قرارداد پیش کی ، اس معاملے پر کسی صوبے نے اپنی پوزیشن تبدیل نہیں کی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ انتخابات کے التوا کا فیصلہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مولانافضل الرحمن نے بتایاکہ متحدہ مجلس عمل کا اجلاس جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوگا، جس میں اتحاد میں شامل 5 سیاسی جماعتوں کو بلایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں لاکھوں افراد ایسے رہائش پذیر ہیں جن کا مستقبل پتہ کچھ اور ہے، اور وہ کراچی میں ووٹ نہیں دے سکتے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو گھربھیجنا غیرجمہوری ہے۔