Time 20 دسمبر ، 2022
پاکستان

عمران خان کا توشہ خانہ کے تحائف بیچنا ریاست کی عزت فروخت کرنے جیسا تھا: وفاقی کابینہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی کابینہ کا کہنا ہےکہ عمران خان نے 6 ارب روپے مالیت کے تحائف توشہ خانہ سے صرف 2 کروڑ 70 لاکھ روپے میں خریدے، ان تحائف کو  آگے بیچنا ریاست کی عزت فروخت کرنے جیسا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ اراکین کو توشہ خانہ کےتحائف کے بارےمیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 اعلامیے کے مطابق سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ نے ریاستی تحائف اونے پونے داموں خریدے اور بیچے، یہ مکروہ عمل ریاستی عزت کو فروخت کرنے کے مترادف تھا، قیمتی تحائف صرف 27 ملین روپے کے عوض لیےگئے جب کہ  ان تحائف کی مارکیٹ ویلیو 6 ارب روپے سے زیادہ تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اگلے اجلاس میں ایک جامع رپورٹ پیش کرنےکی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نےکابینہ ڈویژن سے تفصیلات طلب کیں کہ مہنگے تحائف کوکیسے مس ڈکلیئرکیا گیا، ایسےتحائف کی فہرست مہیاکریں جوسرکاری ریکارڈ کے مطابق وصول نہیں ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ نے بیرون ممالک سے ملے تحائف پر انکوائری ایف آئی اے کو دینےکی منظوری بھی دے دی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے دو ہفتےکے اندر جامع تفتیشی رپورٹ پیش کرے۔

وفاقی کابینہ کا کہنا تھا کہ ریاستی تحائف کوبطورکاروبار استعمال کرنےکا عمل کسی طور درست نہیں ہے، توشہ خانہ اور ریاستی تحفوں کے لیےکمیٹی سفارشات کو آخری شکل دے رہی ہے۔

مزید خبریں :