24 دسمبر ، 2022
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کا کہنا ہے کہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے جیسے شدید مسائل کا سامنا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی سینٹرل ایشیا ریجن نے اکنامک کوآپریشن انرجی آؤٹ لک رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں 155 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے جیسے شدید مسائل کا سامنا ہے جب کہ توانائی کے شعبے میں ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹریبیوشن کے مسائل بھی ہیں۔
اے ڈی بی کے مطابق پاکستان میں توانائی کا شعبہ ایکسپلوریشن نہ ہونے کی وجہ درآمدی فیول پر منحصر ہے، پاکستان میں 3.0 ٹیراواٹ بجلی متبادل انرجی کے ذرائع سے پیدا کرنے کی صلاحیت ہے لیکن سال 2015 سے پاکستان میں متبادل انرجی کے ذرائع سے بجلی پیداوار میں کمی ہو رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ پالیسی نہ ہونے کے باعث پاکستان میں ایکسپلوریشن میں سرمایہ کاری میں فقدان ہو رہا ہے، 2019 میں پاکستان میں مقامی آئل کی پیداوار 40 لاکھ ٹن تھی اور پاکستان میں سالانہ گیس کے ذخائر میں بھی بتدریج کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق توانائی شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان سالانہ 15 لاکھ ٹن کوئلہ درآمد کر رہا ہے جب کہ پاکستان میں کوئلے کے ذخائر تقریباً 3 ارب ٹن ہیں۔