Time 28 دسمبر ، 2022
پاکستان

کراچی میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سےنوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج

مقتول کی والدہ کی مدعیت میں تھانے شارع فیصل میں مقدمہ درج کیا گیا ہے: پولیس — فوٹو: فائل
مقتول کی والدہ کی مدعیت میں تھانے شارع فیصل میں مقدمہ درج کیا گیا ہے: پولیس — فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے گلستان جوہرمیں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سےنوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی والدہ کی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں، مقدمے میں تین پولیس اہلکاروں شہریار، فیصل اور ناصر کو نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں اشارے پر نہ رکنے والے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو پولیس اہلکاروں نے تعاقب کے بعد عمارت میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو شاہین فورس کے اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا تھا جس پر موٹر سائیکل سوار نوجوان نہیں رکا تو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اہلکاروں نے اس کا تعاقب کیا اور ایک رہائشی عمارت کے احاطے میں جاکر اس پر فائرنگ کردی۔

واقعہ کراچی ایسٹ کے شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر میں پیش آیا تھا، ابتدائی تفتیش میں جرم ثابت ہونے پر تینوں اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

مزید خبریں :