01 جنوری ، 2023
کوئٹہ سےتعلق رکھنےوالے کثیر الاولاد شخص جان محمد کے ہاں ایک اور بچے کی ولادت ہوئی ہے۔
نئی ولادت کےبعد جان محمد کے ہاں بچوں کی مجموعی تعداد 60 تک پہنچ گئی ہے ان میں سے 55 بچے حیات ہیں۔
جان محمد کے ہاں 60 بچوں کی ولادت تین بیویوں سےہوئی جبکہ ان میں سے جان محمد کے 5 بچے انتقال کرگئےتھے۔
پیشےکےاعتبارسےکوالیفائیڈ میڈیکل پریکٹیشنر اورجزوقتی بزنس مین جان محمد کوئٹہ کےنواحی علاقے ہزار گنجی میں اپنا کلینک چلاتے ہیں اور کوئٹہ کےعلاقے مشرقی بائی پاس کےقریب رہائش پذیر ہیں۔
جیو نیوز سے بات چیت میں جان محمد کا کہناتھا کہ ان کےماشا اللہ تمام 55 بچے صحت مند ہیں ان کی پہلی شادی 1999میں ہوئی, پہلی بیوی سے 2000 میں بیٹی شگفتہ نسرین پیدا ہوئی جس کی عمر اب 22 سال ہے۔
جان محمد کے مطابق اللہ نے اپنے فضل وکرم سے انہیں کثیر بچوں سے نوازا ہے اور نئے سال کی آمد پرایک اور بچےکی ولادت سے وہ بہت خوش ہیں،اسی لیےانہوں نے اپنے بچے کا نام بھی حاجی خوشحال خان رکھاہے، ان کی تینوں بیویاں اور بچے ایک ہی بڑے گھر میں رہائش پذیر ہیں۔
جان محمد کایہ بھی کہنا ہے کہ اولاد اللہ کی دین ہےاور ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سنچری مکمل کرے اور اگر اللہ نے انھیں توفیق دی تو وہ چوتھی شادی بھی ضرور کریں گے اور اپنی نسل کو مزید آگے بڑھائیں گے۔