02 جنوری ، 2023
وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے بنی گالا کے گھر کیلئے منی ٹریل درکار تھی، جنرل باجوہ نے عمران خان کو نا اہلی سے بچایا۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نااہلی سے بچانے میں جہانگیر ترین نشانہ بنے، حنیف عباسی سے جو زیادتی ہوئی اس کا مداوا تاریخ کرے گی۔
ملک احمد خان نے کہا کہ انہوں نے جنرل باجوہ کو کہا تھا ووٹنگ مشین سے معاملہ تہس نہس ہوجائے گا، جنرل باجوہ کو احساس تھا عمران خان نے ملک کیلئے برا کیا، شوکت ترین نے معیشت کیلئے تباہ کن اقدامات کیے۔
ملک احمد خان کا پروگرام میں مزید کہنا تھا کہ 56 کمپنیاں چل جاتیں تو آج پنجاب کے حالات مختلف ہوتے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ضائع پانی مینیج کیوں نہیں ہوتا، اس پر وہ حیران ہوئے، ثاقب نثار بتائیں عثمان بزدار نے لاہور کیلئے کیا کرلیا؟
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ گرینڈ ڈائیلاگ اور مفاہمت کی ضرورت ہے، پرویز الہٰی اعتماد کھوچکے ہیں، پرویز الہٰی کو اپنی اکثریت دکھانی ہے۔