Time 03 جنوری ، 2023
پاکستان

ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کیلئے بین الاقوامی جریدوں میں رواں ماہ ٹینڈر جاری کرنے کا فیصلہ

حکومت نے دوست ممالک کوترجیح دینے کا منصوبہ بنایا ہے، سعودی عرب، یو اے ای، قطر، چین اور ترکی کی کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پرمدعو کیا جائے گا: ذرائع— فوٹو:فائل
حکومت نے دوست ممالک کوترجیح دینے کا منصوبہ بنایا ہے، سعودی عرب، یو اے ای، قطر، چین اور ترکی کی کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پرمدعو کیا جائے گا: ذرائع— فوٹو:فائل

اسلام آباد، کراچی اورلاہور ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کیلئے بین الاقوامی جریدوں میں رواں ماہ ٹینڈر جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وفاقی حکومت نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور ائیرپورٹس کا آؤٹ سورسنگ پلان تیار کرلیا۔ ذرائع سول ایوی ایشن کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پرسول ایوی ایشن نے فریم ورک کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹس آؤٹ سورسنگ کیلئے بین الااقوامی جریدوں میں رواں ماہ ٹینڈر کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے ائیرپورٹ آؤٹ سورسنگ میں دوست ممالک کوترجیح دینے کا منصوبہ بنایا ہے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، چین اور ترکی کی کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پر مدعو کیا جائے گا۔

ذرائع پلاننگ ڈویژن کے مطابق آؤٹ سورسنگ سےسالانہ ڈھائی سے تین سو ملین ڈالرز حاصل ہوں گے، معاہدے کے تحت ائیرپورٹ 25 سال کیلئے آؤٹ سورس کیے جائیں گے، ائیرپورٹ ٹرمینل سروسز، پارکنگ، آؤٹ سورس ہوں گے، اس کے علاوہ ائیرپورٹ اسٹوریج، کارگو، ہینڈلنگ، صفائی کے شعبے بھی آؤٹ سورس کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ سکیورٹی، ائیرٹریفک کنٹرولر کے شعبے سول ایوی ایشن کے پاس ہی رہیں گے، سول ایوی ایشن تینوں بڑے ایئر پورٹس سے سالانہ 30 ارب آمدن ممکن بناتی ہے۔

مزید خبریں :