21 فروری ، 2012
اسلام آباد. . . .. . وزیر اعظم کے مشیربرائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ایف بی آر کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکس گزاروں کی رجسٹریشن کا عمل تیز کیا جائے ، اور ٹیکس وصولی کے اہداف پورے کئے جائیں۔اسلام آباد میں ڈاکٹر حفیظ شیخ کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام کا اجلاس ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ سرکاری اعلامئیے کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ہدف کے مطابق ٹیکس وصول کئے گئے۔ چیئرمین ایف بی آر ممتاز حیدر رضوی نے اجلاس کو بتایا کہ جولائی سے جنوری تک 975 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ ہے۔ ایف بی آر نے پہلے سات ماہ میں اضافی 40 ارب روپے انتظامی کوششوں کے نتیجے میں حاصل کئے۔ مشیر خزانہ نے حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ چار ماہ میں انتظامی کوششوں سے 50 ارب روپے کے اضافی ٹیکس وصول کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ ، ٹیکسوں کے دائرہ کار میں توسیع ، بقایاجات اور جعلی invoices کے ذریعے حاصل کئے گئے ریفنڈز واپس لئے جائیں۔ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا عمل یقینی بنایا جائے اور آئندہ بجٹ کے لئے ٹیکس سے متعلق اصول واضع کئے جائیں۔ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ٹیکس نظام سادہ ، شفاف اور قابل قبول بنایا جائے۔