04 جنوری ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جب انہیں اسٹمپڈ آؤٹ قرار دیا گیا تو بہت دھچکا لگا کیوں کہ وہ سنچری کے قریب تھے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ پر سیٹ ہو چکا تھا اپنے انداز سے تیز کھیلنے کی کوشش کر رہا تھا، ٹی وی امپائر کو آؤٹ لگا ہوگا تو آؤٹ دیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اچھی فارم چل رہی ہے، کوشش ہے جو مومینٹم قائم ہے اس کو برقرار رکھوں، ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، تیسرے روز کے اختتام پر تین وکٹیں گرنے سے سیٹ بیک ہوا، اگر وکٹیں نہیں گرتیں تو رنز برابر ہوچکے ہوتے، کوشش کریں گے نیوزی لینڈ کو دوسری اننگز میں جلد از جلد آؤٹ کریں، امید ہے کل دن کے اختتام پر ہم بیٹنگ کریں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ گیند ریورس سوئنگ ہوگی امید ہے فاسٹ بولر اس سے فائدہ اٹھائیں گے، سعود شکیل کی سنچری سے بہت خوشی ہوئی، سعود نے میرے سامنے ہی بہت محنت کی، خوشی ہے آج انہیں صلہ مل گیا، سعود پراپر ٹیسٹ کرکٹر ہے اس کی اننگز میں ایک میچور کرکٹر نظر آیا۔
انہوں نے کہا کہ سعود کی اننگز کی خاص بات یہ ہے انہوں نے مشکل وقت میں ایک شاندار اننگز کھیلی کیونکہ اس وقت شان مسعود اور بابر اعظم آؤٹ ہوچکے تھے ایسے وقت میں وکٹ پر کھڑے رہنا اور پھر سنچری بنانا یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ ایک اچھا بیٹسمین ہے۔
خیال رہے کہ سرفراز احمد 78 رنز بناکر اسٹمپڈ آؤٹ ہوگئے تھے۔ سوشل میڈیا پر ان کے آؤٹ کو متنازع قرار دیا جا رہا ہے۔