10 دسمبر ، 2012
واشنگٹن ڈی سی…ایم کیو ایم امریکہ کے زیر اہتمام اٹھارہ سے زائد شہروں میں یوم شہداء کا انعقاد کیا گیا ۔ اجتماعات میں قائد تحریک الطاف حسین کے بھائی ناصر حسین، بھتیجے عارف حسین ، شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق سمیت ایم کیو ایم کے پندرہ ہزار سے زائد شہداء کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یوم شہداء کے اجتماعات میں ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران اعلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، نگران عباد الرحمان، سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی کے ساتھ مرکزی ذمہ داران، چیپٹر انچارجز، شعبہ جات کے ذمہ داران سمیت ایم کیو ایم کے کارکنان اور ہمدردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ یوم شہداء کے بڑے اجتماعات واشنگٹن ڈی سی، شکاگو، نیویارک، نیو جرسی، ایٹلانٹا، لاس اینجلس، ڈیٹرائٹ، ہیوسٹن، ڈیلس اور میامی میں منعقد ہوئے جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ نیویارک میں یوم شہداء کے اجتماع سے اپنے خطاب میں ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران اعلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے شہداء کی قربانیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ تاریخ میں ایم کیو ایم کے نظرئیے اور فکر و فلسفے کی سچائی کو جانچنے کے لئے یہ پیمانہ ہی کافی ہے کہ اس تحریک میں ہزاروں معصوم شہداء کا لہو شامل ہے، یہ شہداء نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں حق پرستی کی جدوجہد کرنے والوں کے لئے امید کی کرن بن چکے ہیں ۔ واشنگٹن ڈی سی اور شکاگو میں یوم شہداء کے اجتماعات سے عباد الرحمان اور جنید فہمی نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے شہدائے حق کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیشکرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے شہداء کا عزم و حوصلہ اور صبر و استقامت ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے،شہداء نے الطاف حسین کے حق و سچ پر مبنی نظرئیے کے لئے اپنی جانیں قربان کرکے اپنے نام تاریخ کے سنہری حروف میں رقم کرا لئے ہیں ۔اجتماعات میں ایم کیو ایم امریکہ کے کارکنان اور ہمدردوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کسی صورت شہداء کی عظیم قربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دینگے اور قائد تحریک الطاف حسین کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلاتے رہیں گے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہداء کے بلند درجات اور قائد تحریک الطاف حسین کی صحت و تندرستی اور درازئی عمر کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔