پاکستان
11 دسمبر ، 2012

ایم کیوایم کے زیراہتمام لندن میں بھی یوم شہداء منایاگیا

ایم کیوایم کے زیراہتمام لندن میں بھی یوم شہداء منایاگیا

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام گزشتہ روزلندن میں بھی یوم شہداء منایاگیا۔اس سلسلے میں لندن کے واٹلنگ کمیونٹی سینٹرمیں ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام قرآن خوانی کااجتماع منعقدکیاگیا۔ اجتماع میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اورانٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے کارکنوں سمیت لندن ، برمنگھم، مانچسٹر، شیفیلڈ، پیٹربرا، بریڈفورڈ اوردیگرشہروں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم یوکے کے کارکنوں، ذمہ داروں اورہمدردپاکستانی نوجوانوں ، بزرگوں،خواتین اوربچوں نے شرکت کی ۔قرآن خوانی کے بعدتحریکی جدوجہدمیں شہیدہونے والے ایم کیوایم کے کارکنوں،ذمہ داروں اور الطاف حسین کے بڑے بھائی ناصر حسین شہید، بھتیجے عارف حسین شہید،ڈاکٹرعمران فاروق شہیداوردیگرتمام شہیدوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اورشہیدوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس موقع پر ملک کی سلامتی وبقاء، امن واستحکام،فرقہ وارانہ ہم آہنگی ،تحریک کی کامیابی اورقائدتحریک الطاف حسین کی صحت وتندرستی اوردرازی عمر کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دریں اثناء ایم کیو ایم کینیڈا کے تمام یونٹوں میں یوم شہدائے حق انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا ، اس سلسلے میں تمام یونٹوں میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ایم کیو ایم کینیڈا کے ذمہ داران و کارکنان کے علاوہ ہمدردوں نے شرکت کی ۔اس موقع پرشہدائے حق کی بے مثال قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کینیڈا کے سینٹرل آرگنائزر اقبال قمر نے کہاکہ حق و صداقت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کی مثالوں سے انسانی تاریخ بھری پڑی ہے اور اس تاریخ میں واقع کربلا سے بڑھ کر کوئی تمثیل موجود نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس جستجو کو زندہ رکھنے اور بیداری شعور کیلئے یاد شہدائے حق سے بڑھ کر کوئی اور شے پُر اثر نہیں۔ بعدازاں اجتماع میں قائد تحریک الطاف حسین کی والدہ محترمہ خورشید بیگم ، والد نذیر حسین ، بھائی ناصر حسین و بھتیجے عارف حسین شہید اورشہیدانقلاب ڈاکٹر عمران فاروق سمیت تمام شہدائے حق کے درجات کی بلندی و مغفرت کے علاوہ قائد تحریک الطاف حسین کی درازی عمر کیلئے دعائیں کی گئیں ۔





































مزید خبریں :