Time 08 جنوری ، 2023
کھیل

رضوان اگر کرکٹر نہ ہوتے تو مولوی ہوتے اور شاہین’ داماد‘ نہ ہوتے: حارث رؤف

پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اگر کرکٹر نہ ہوتے تو مولوی صاحب ہوتے۔

فاسٹ بولر حارث رؤف حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کے مہمان بنے جس دوران میزبان تابش ہاشمی نے حارث رؤف سے مختلف اور دلچسپ سوالات کیے۔

 دوران پروگرام تابش ہاشمی نے حارث رؤف کو اسکرین پر مختلف شخصیات کی تصاویر دکھا کر ان سے متعلق رائے طلب کی کہ اگر یہ اپنے کیرئیر میں نہ ہوتے تو پھر کیا ہوتے۔

اداکارہ مایا علی کی تصویر دیکھ کر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ اگر مایا علی اداکارہ نہ ہوتیں تو گھر میں کام کر رہی ہوتی، ہاؤس وائف ہوتیں۔

محمد رضوان کی تصویر پر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ رضوان اگر کرکٹر نہ ہوتے تو مولوی صاحب ہوتے، انھوں نے ٹیم میں بھی ایک اچھا ماحول بنایا ہوا ہے جہاں وہ دینی تعلیم دیتے ہیں، امامت کرواتے ہیں اور نماز باقاعدہ جماعت سے ہوتی ہے۔

بابر اعظم کی تصویر پر فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم  کرکٹ کیلئے ہی بنے ہیں کیوں کہ جس طرح وہ کھیلتے ہیں انہیں دیکھ کر لگتا ہے وہ کرکٹ کیلئے پیدا ہوئے ہیں۔

اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی سے متعلق حارث رؤف کا کہنا تھا کہ اگر وہ کرکٹ میں نہ آتے تو اداکار ہوتے، کسی مووی میں ہیرو کا کردار ادا کرتے۔

شاہین کی تصویر پر حارث کچھ لمحے کے لیے رکے تو میزبان تابش ہاشمی نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ اگر شاہین کرکٹر نہ ہوتے تو ’داماد‘ہوتے جس پر حارث نے انکار میں سر ہلایا ’داماد نا ہوتے‘ اور کہا کہ اگر شاہین کرکٹر نہ ہوتے تو آرمی میں ہوتے۔

مزید خبریں :