08 جنوری ، 2023
مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہےکہ کچھ بھی ہو پنجاب اسمبلی نہیں ٹوٹےگی، فی الحال ملک میں الیکشن کا کوئی امکان نہیں ہے۔
لاہور میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولاناعبدالغفور حیدری نے وفدکے ہمراہ ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی جس میں ملک کے معاشی اور سیاسی معاملات سمیت دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے چوہدری شجاعت کوبلوچستان میں عوام کو درپیش مشکلات خصوصاً آٹےکی قلت سے آگاہ کیا۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی، فی الحال ملک میں الیکشن کاکوئی امکان نہیں ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نےکہا کہ صوبائی حکومتوں کافرض ہےکہ اشیاء مہنگی ہونے پر ایکشن لیں، آٹے کی بڑھتی قیمتوں سے عام آدمی بہت زیادہ پریشان ہے، تمام لیڈر اکٹھے ہو کر ملکی مسائل خصوصاً مہنگائی کا مسئلہ حل کرنےکو اولیت دیں، سیاسی لیڈر اپنے اپنے سلوگن کی تشہیر کے بجائےعوام کو درپیش اجتماعی مسائل حل کریں۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک میں گالی کلچر کو فروغ دیا، چوہدری شجاعت حسین کا سیاست میں نام رواداری اور رکھ رکھاؤکا ہے۔