11 دسمبر ، 2012
واشنگٹن ڈی سی… ڈیٹرائٹ میں14 اور 15دسمبر تک منعقد ہونے والے اوورسیز پاکستانیز کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ سینٹرل آرگنائزرز ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین عامر قاضی، ثاقب محی الدین، وسیم زیدی، علی حسن اور توصیف خان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن بیرون ملک آباد لاکھوں پاکستانیوں کے جذبات اور احساسات کا ترجمان ثابت ہو گااور اس سے پاکستان کی معیشت، صنعت و تجارت اور سیاست میں ان کی گرانقدر خدمات کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوہری شہریت کے حوالے سے پابندی سمیت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور تحفظات کو یاد داشت کی شکل میں پاکستان کی اعلی عدلیہ اور ارباب اختیار تک پہنچایا جائیگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں متفقہ قراردادوں کے ذریعے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا جائیگا کہ بیرون ملک آباد لاکھوں پاکستانیوں کو برابر کا پاکستانی سمجھا جائے اور ان کے حقوق پر کسی قسم کی قدغن نہ لگائی جائے۔ اجلاس کے شرکاء نے پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ آئین میں دوہری شہریت کے قانون میں ترمیم کے لئے متحد ہو جائیں اور پارلیمان سے یہ آئینی ترمیم جلد از جلد منظور کرائی جائے۔ اجلاس نے امریکہ بھر میں آباد پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ کنونشن میں بھر پور شرکت کریں اوراسے کامیابی سے ہمکنار کریں ۔ دریں اثنا ڈیٹرائٹ میں کنونشن کی تیاریاں اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں اور پاکستانی کمیونٹی میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔