19 جنوری ، 2023
لاہور : پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے حوالے سے تحریک انصاف نے پارلیمانی کمیٹی کو بھجوانے کیلئے دو نام فائنل کرلیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ احمد نواز سکھیرا اور نوید چیمہ کے نام پارلیمانی کمیٹی میں بھجوائے جائیں گے۔
علاوہ ازیں ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے، کمیٹی کی میٹنگ کل دوپہر 2 بجےکی بجائے 3 بجے پنجاب اسمبلی میں ہوگی۔
پنجاب میں نگران حکومت کے قیام کے معاملے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی اور نگران وزیراعلیٰ کیلئے احمد نواز سکھیرا اور نوید چیمہ کے ناموں کو فائنل کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ملک انتخابات میں تاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا، حساس ملکی صورتحال میں انتخابات کی شفافیت خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی ہے، صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد سنجیدہ ترین معاملہ ہے، بہترین ساکھ اور صلاحیت کی حامل نگران حکومت اس ذمہ داری کیلئے موزوں ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب پر مشاروت کیلئے کمیٹی قائم ہوچکی ہے، حکومت اور اپوزيشن کمیٹی کو دو دو نام بھیجیں گے، کمیٹی کو تین دن میں کسی ایک نام پر اتفاق رائے کرنا ہے، ایسا نہ ہوا تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا جو ان میں سے کسی ایک کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کردے گا۔