Time 26 جنوری ، 2023
پاکستان

عمران خان پر قاتلانہ حملے کی نئی جے آئی ٹی کی تشکیل چیلنج

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے وفاقی حکومت کے جے آئی ٹی کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ فوٹو فائل
پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے وفاقی حکومت کے جے آئی ٹی کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ فوٹو فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل چیلنج کر دی۔

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے وفاقی حکومت کے جے آئی ٹی کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

یاسمین راشد کی درخواست میں وفاقی حکومت، وزیراعظم بذریعہ پرنسپل سیکرٹری اور وزارت داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے غیر قانونی طور پر عمران خان پر قاتلانہ حملےکی تحقیقات کے لیے نئی جےآئی ٹی تشکیل دی، پنجاب حکومت کی بنائی گئی جےآئی ٹی پہلےہی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

یاسمین راشد نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی حکومت کا دوسری جےآئی ٹی بنانا بدنیتی اور غیر قانونی اقدام ہے، وزیر آباد حملہ کیس کی 22 جنوری کو بنائی گئی جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن غیرقانونی قرار دیا جائے۔

عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں یہ استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک وفاق کی تشکیل کردہ جے آئی ٹی کو تحقیقات سے روکا جائے۔

مزید خبریں :