27 جنوری ، 2023
قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور ان کے خاندان کے 10 افراد کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
ڈائریکٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا نے علی امین گنڈا پور اور ان کے خاندان کی رہائشی و کمرشل جائیدادوں اور نقد رقوم سمیت تمام تفصیلات طلب کرنے کیلئے ہدایت کر دی ہے۔
نیب نے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، ان کے والدین ، بھائیوں اور بچوں کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو خط ارسال کردیا ہے۔
ڈی جی نیب خیبر پختونخوا کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کو ارسال کیے گئے خط میں علی امین گنڈا پور سمیت خاندان کے 11 افراد سے جائیدادوں کی تفصیلاب طلب کر لی گئی ہے۔
جیو نیوز کو ملنے والے خط کے مطابق نیب نے ڈپٹی کمشنر کو علی امین کے والدین، بھائیوں اور بچوں کی جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نیب کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں علاقہ ہتیالہ، تحصیل کلاچی ، گومل زام ڈیم کے کمانڈ ایریا اور سی پیک کے مغربی روٹ کے ساتھ خریدی گئی جائیداد سے متعلق خصوصی طور پر تفصیلات ارسال کی جائیں۔