کھیل
Time 31 جنوری ، 2023

' ہم بہادر قوم ہیں' قومی کرکٹرز کی پشاور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اور موجودہ کرکٹرز نے پشاورمیں پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

گزشتہ روز پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں امام مسجد اور پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 63 ہوگئی جب کہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

پشاور دھماکے پر قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ' ہم بہادر قوم ہیں، نہ یہ سانحہ ہمارے حوصلے توڑ سکتے ہیں اور نہ ہماری مساجد خالی کرسکتے ہیں، انشاءاللہ'۔

انہوں نے کہا کہ بس دل میں یہی سوال آتا ہے کہ اس کا شکوہ ہم کس سے کریں، اللہ پاک پاکستان کی حفاظت فرمائیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ' میری دعائیں پشاور کے لوگوں کے ساتھ ہیں، یہ بالکل دل دہلانے والے واقعہ ہے'۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے پشاور واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ'اپنے ملک کے لوگوں کو درد میں دیکھ کر میرا دل رو رتا ہے، میری دعا ہے کہ زخمی افراد جلد صحتیاب ہوجائیں'۔

اس کے علاوہ سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی پشاور مسجد دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا۔

سابق کپتان شعیب ملک نے بھی پشاور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔


مزید خبریں :