31 جنوری ، 2023
اسلام آباد: حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کے آرڈیننس 2002 میں ترامیم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی) کو وفاقی وزارت تعلیم کے ماتحت کیا جائے گا، کمیشن کے 18 رکنی خودمختار فورم میں صوبوں کی نمائندگی بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ صوبوں کی نمائندگی ختم ہونے کے بعد اراکین کی تعداد 10 تک محدود ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ایچ ای سی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی اراکین کمیشن کے بجائے وفاقی حکومت کرے گی، ترامیم سے چیئرمین ایچ ای سی کی مدت ملازمت چار سال سے کم کر کے 2 سال کرنےکا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم کارکردگی پر عدم اطمینان پرچیئرمین کو کسی بھی وقت سبکدوش کر سکیں گے۔