01 فروری ، 2023
کراچی: بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحادٹاؤن میں سوئی گیس کی عدم فراہمی پر مکینوں نے سوئی گیس ہیڈ آفس کا گھیراؤ کر لیا۔
پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاؤن اتحادٹاؤن اور اطراف کے مکینوں کی بڑی تعداد بسوں اور مختلف گاڑیوں میں بھر کر گلشن اقبال میں حسن اسکوائر کے قریب واقع سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈ آفس پہنچی اور مکین دفتر کے باہر احتجاج کرتے رہے۔
مشتعل افراد ہیڈ آفس کی دیوار پھلانگ کر دفتر میں گھس گئے، بیشتر افراد دھرنا دے کر مرکزی شاہراہ پر بیٹھ گئے، مکینوں نے مختلف قسم کے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھےجن پر کافی عرصے سے بلدیہ ٹاؤن اور سعید آباد کی مختلف آبادیوں میں گیس کی عدم فراہمی کا شکوہ کیا گیا تھا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق احتجاج کے دوران ممکنہ گڑبڑ کے پیش نظر مختلف تھانوں کی نفری کو موقع پر طلب کیا گیا ہے۔