پاکستان
14 دسمبر ، 2012

بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری

بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری

اسلام آباد…ملک بھر کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ خوبصورت موسم کے مزے لوٹنے سیاحوں کی بڑی تعدادااِنمقامات پر پہنچ گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں استور،دیامر،اسکردو اور غذر سمیت بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری اور نشیبی علاقوں میں بارش جاری ہے۔ کئی مقامات پر راستے بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔مری میں کل سے جاری برفباری کے باعث تمام رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ جس سے یہاں کا رخ کرنے والے کئی سیاح پھنس گئے ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری میں برف باری آج شام تک جاری رہے گی۔ آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں کئی فٹ برف پڑ نے سے وادی لیپہ،گریز اور کیل کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔چترال کے لواری ٹاپ سمیت بالائی علاقوں میں برف باری جاری ہے۔ لواری ٹنل کے مقام پر ڈھائی فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ جس کے بعد کیلاش ویلی ،بگوشت اور شاہ سلیم جانے والے راستے بندہوگئے ہیں۔شمالی بلوچستان میں زیارت ،کوڑک ٹاپ اور خواجہ عمران سمیت کئی علاقوں میں برف پڑتے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی ہے۔ زیارت میں گیس اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے سیاحوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ سندھ اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

مزید خبریں :