Time 02 فروری ، 2023
کھیل

ورلڈ کپ میں کوہلی سے منہ ماری کیوں ہوئی؟ وجہ بتانے پر سہیل خان انڈیا میں ٹاپ ٹرینڈ بن گئے

مصباح بھائی آئے اور مجھ پر غصہ کیا کہ خاموش ہوجاؤ، ادھر سے دھونی آیا اور ویرات سے کہا سائیڈ میں ہوجاؤ، یہ (سہیل) پرانا چاول ہے، تم اس کو نہیں جانتے: سہیل خان کی گفتگو/ اسکرین گریب
مصباح بھائی آئے اور مجھ پر غصہ کیا کہ خاموش ہوجاؤ، ادھر سے دھونی آیا اور ویرات سے کہا سائیڈ میں ہوجاؤ، یہ (سہیل) پرانا چاول ہے، تم اس کو نہیں جانتے: سہیل خان کی گفتگو/ اسکرین گریب

پاکستانی فاسٹ بولر سہیل خان نے حال ہی میں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے 2015 کے ورلڈکپ میں ہونے والی تکرار کے پیچھے کی کہانی سنائی جس کے بعد وہ بھارت میں ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگئے۔

یوٹیوبر نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران سہیل خان سے جب ویرات کوہلی کے ساتھ گراؤنڈ میں ہونے والی لڑائی کا پوچھا گیا تو انہوں نے کہا 'ویرات کوہلی ایک بہت بڑا نام ہے، برانڈ ہے، وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے لیکن اگر کوئی کرکٹ کے میدان میں میری ذات پر سوال اٹھائے گا تو میں نہیں دیکھوں گا کہ میرے سامنے کون ہے'۔

قومی کرکٹر نے کہا 'میں جب ملک کی خاطر کہیں جاتا ہوں تو میرا کام ہے مقابل کی وکٹیں اڑانا، میں نے بھی اڑائیں، اس میچ میں 5 وکٹیں لی تھیں جس پر شاید ان کو غصہ تھا، جب میرا ورلڈکپ میں نام آیا تو میں نہیں جانتا تھا کہ ویرات کوہلی کون ہے، اس وقت اس سے بڑے بڑے نام شاہد آفریدی، مصباح اور یونس خان تھے'۔

جھگڑا کس بات پر شروع ہوا؟

فاسٹ بولر نے بتایا کہ 'بھارت کے خلاف ہمارا پہلا میچ تھا، بھارتی اننگز کے بعد جب پاکستان کی بیٹنگ جاری تھی اور میں بیٹنگ کے لیے آیا تو ویرات کوہلی نے جملے کسے کہ جمعہ جمعہ 8 دن ہوئے ہیں آپ کو کرکٹ میں آئے ہوئے اور آپ اتنی باتیں کرتے ہیں'۔

سہیل خان نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ 'میں نے جواب دیا بیٹا جب آپ انڈیا انڈر 19 میں کھیل رہے تھے تب آپ کا باپ ٹیسٹ کرکٹر تھا جس پر مصباح بھائی آئے اور مجھ پر غصہ کیا کہ خاموش ہوجاؤ، ادھر سے دھونی آیا اور ویرات سے کہا سائیڈ میں ہوجاؤ، یہ (سہیل) پرانا چاول ہے، تم اس کو نہیں جانتے'۔

فاسٹ بولر نے کہا 'اس کے بعد ویرات سیدھا گیا اور جاکر فیلڈ پر کھڑا ہوگیا'۔

سہیل خان کا مزید کہنا تھا 'عزت اپنی جگہ ہے میں اس کی بہت عزت کرتا ہوں کیونکہ وہ شاندار کھلاڑی ہے لیکن میری نظر میں بحیثیت بولر، روہت شرما زیادہ اچھا کھلاڑی ہے کیونکہ اس کی تکنیک اچھی ہے'۔

 اس بیان کے بعد پاکستانی کرکٹر انڈیا میں ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگے۔

بھارتی صارفین سمیت معروف صحافی اور شخصیات سہیل خان کے اس بیان پر انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں، جس کے بعد سہیل پاکستان سمیت بھارت کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہیں۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

کوہلی کے مداح سہیل خان کی پرانی ویڈیوز ٹوئٹر پر شیئر کررہے ہیں جس میں بھارتی کرکٹرز انہیں چوکے چھکے لگا رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی فینز بھی سہیل خان کے حق میں ٹوئٹس کررہے ہیں ۔

اس کے علاوہ بھارتی صحافی اوینا آریان سہیل خان کی حمایت میں بولے، انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا 'سہیل خان غلط نہیں ہے، سچ بولنے پر لوگوں کو مرچیں کیوں لگتی ہیں؟ حقائق پر مرچیں نہیں لگنی چاہیئں، نظریات مختلف ہوسکتے ہیں'۔

ایک اور ٹوئٹ میں اویناش نے قہقہہ لگاتے ہوئے لکھا 'کوہلی کے مداح سہیل کے لیے نازیبا زبان استعمال کررہے ہیں کیونکہ سچ کہا ہے، یعنی اگر سہیل خان نے کوہلی کی تعریف کی ہوتی تو یہ فینز انہیں آسٹریلوی کرکٹر گلین مک گریتھ قرار دے دیتے'۔


مزید خبریں :