Time 21 جنوری ، 2018
کھیل

سہیل خان اور محمد عباس کا انگلش کاؤنٹی لیسٹر شائر سے معاہدہ

— فوٹو: فائل 

انگلش کاؤنٹی لیسٹر شائر نے پاکستان کے دو ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عباس اور سہیل خان کے ساتھ سال 2018ء کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد عباس نے اپریل 2017ء میں کنگسٹن جمیکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور 5 ٹیسٹ میچوں میں عباس 21.34 کی اوسط سے 23 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 2018ء میں محمد عباس ’ملتان سلطان‘ کی نمائندگی کریں گے۔

دوسری جانب پی ایس ایل کے پہلے دو سیزن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے سہیل خان اس سال لاہور قلندر کے لیے کھیلیں گے۔

پاکستان کے لئے 9ٹیسٹ، 13 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے سہیل خان بھی محمد عباس کے ساتھ پہلی بار انگلش کاؤنٹی کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

لیسٹر شائر کاؤنٹی کے ہیڈ کوچ پال نکسن کہتے ہیں ’غیر ملکی فاسٹ بولرز کے انتخاب کے لئے ہم جس معیار کی تلاش کر رہے تھے، محمد عباس اس پر پورے اترتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’سہیل خان ایک ایسا بولر ہے جو لال گیند کے ساتھ سفید گیند کرنے میں بھی مہارت رکھتا ہے اور ان دونوں کی لیسٹر شائر کے لئے خدمات حاصل کرتے ہوئے مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے‘۔

مزید خبریں :