Time 07 فروری ، 2023
پاکستان

گجرات میں پولیس کا پرویز الٰہی کے گھر چھاپہ، دو ملازمین زیر حراست

پولیس نے گجرات میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپہ مارا اور دو ملازمین کو حراست میں لے لیا۔

چھاپے کے دوران پولیس نے چوہدری پرویز الٰہی کے گھر سے مختلف دستاویز اور فائلیں قبضے میں لے لیں۔

پولیس کےمطابق چھاپا وجاہت حسین اور ان کے بیٹے موسی الہٰی کی گرفتاری کے لیے مارا گیا تھا،دونوں کے خلاف مختلف تھانوں میں دو مقدمات درج ہیں۔

مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پولیس نے گجرات میں میری رہائشگاہ کا محاصرہ کیا اور گھر کے اندر داخل ہوئی۔

دوسری جانب مونس الٰہی نے پنجاب پولیس کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ پر پولیس کے چھاپے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔

مونس الٰہی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پولیس، ایف آئی اے اور دیگر نے دوبارہ گجرات میں کنجاہ ہاؤس پر چھاپہ مارا ہے، ہمارے گھروں پر چھاپے مارنے سے تم سمجھتے ہو کہ ہم عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیں گے، دوبارہ سوچو۔

بعد ازاں پرویز الٰہی کے گھر کا محاصرہ کرنے والی پولیس ٹیم واپس روانہ ہو گئی، پولیس کے چھاپے کے وقت رہائشگاہ پر چوہدری فیملی کا کوئی فرد موجود نہیں تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی لاہور کی رہائشگاہ پر موجود ہیں جبکہ مونس الٰہی بیرون ملک ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی پولیس نے گجرات میں چوہدری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا تھا۔

مزید خبریں :