09 فروری ، 2023
سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی گمشدگی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست محمد خان بھٹی کے داماد عمر افتخار بھٹی ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ محمد خان بھٹی 6 فروری کو مٹیاری کے قریب سے غائب ہوئے، ان پر تشدد کا اندیشہ ہے، عدالت میں فوری پیش کرنےکا حکم دیا جائے۔
عدالت نے آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور وزارت داخلہ سے 10 روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ 6 فروری کو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو سندھ کے علاقے مٹیاری سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پرویز الہیٰ نے بتایا کہ محمد خان بھٹی کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ حفاظتی ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ جا رہے تھے، خدشہ ہے کہ محمد خان بھٹی کو ویسے ہی لاپتہ کردیا جائےگا۔
دوسری جانب ایس ایس پی مٹیاری کلیم ملک کا کہنا تھا کہ پولیس نے محمد خان بھٹی کو حراست میں نہیں لیا۔