09 فروری ، 2023
پاکستان سپر لیگ آغاز سے ہی نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہوئی ہے جہاں وہ پرفارم کرکے قومی ٹیم میں سلیکشن کیلئے اپنی راہیں ہموار کرتے ہیں۔
شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی ایسے کھلاڑی ہیں جو پی ایس ایل کی پرفارمنس کے سبب ہی پاکستانی ٹیم تک پہنچے ہیں۔
اس سال بھی ہر ٹیم میں کئی نوجوان کرکٹرز ایسے ہیں جو پی ایس ایل میں پرفارمنس دے کر پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے پر نظریں مرکوز کرچکے ہیں۔
ان ہی نوجوان کھلاڑیوں میں شامل ہیں 18 سالہ عرفات منہاس جو ملتان سلطانز کا حصہ ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں عرفات منہاس کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ نوجوان کرکٹرز کے لیے کتنا اہم پلیٹ فارم ہے اور وہ اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کرکے خود کو اچھا آل راؤنڈر ثابت کریں اور پاکستانی اسکواڈ میں جگہ بنائیں۔
نوجوان کرکٹر نے کہا کہ پی ایس ایل نے ماضی میں کئی نوجوان کرکٹرز کو فرش سے اٹھاکر عرش تک پہنچایا اور انہیں یقین ہے کہ وہ بھی اس لیگ کے دوران اپنے سفر میں تیزی لاسکتے ہیں۔
عرفات منہاس پاکستان انڈر 19 ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں مگر وہ سمجھتے ہیں کہ پی ایس ایل مزید سخت پلیٹ فارم ہے اور ان کی نظریں اب پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنے پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے دو سال کافی اہم ہیں، ان دو سالوں میں وہ کافی محنت کریں گے کیونکہ یہی محنت ان کے مستقبل کی راہوں کا تعین کرے گی۔
پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عرفات منہاس نے کہا کہ وہ لیگ کھیلنے پر کافی خوش اور ایکشن کے لیے پر جوش ہیں، کوشش کریں گے کہ اچھی کارکردگی سے ٹیم کو جتوانے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم ڈیوڈ، ڈیوڈ ملر اور رائلی روسو جیسے پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا ایک بڑا موقع ہے، یہ دنیا کے بہترین ہٹرز ہیں، کوشش ہوگی کہ ان سے پاور ہٹنگ کا آرٹ سیکھیں۔
عرفات منہاس نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ڈیوڈ ملر سے میچ کو فنش کرنے کا گُر سیکھیں کیونکہ ملر دنیا کے بہترین فنشر ہیں اور آج کل کی کرکٹ میں فنشر کی کافی اہمیت ہے، کوشش ہو گی ملر سے یہ سیکھیں کہ میچ کی صورتحال کو کیسے لیکر چلنا ہے اور اس کو کیسے فنش کرنا ہے۔
نوجوان کرکٹر نے بتایا کہ وہ مختلف ایج گروپ کی کرکٹ کھیل کر یہاں تک پہنچے ہیں، 10 سال کے تھے اس وقت سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، والد کی خواہش تھی کہ وہ کرکٹر بنیں، وہ خود تو کرکٹر نہ بن سکے لیکن مجھے گراؤنڈ لے کر جایا کرتے تھے اور اب میں ان کا شوق پورا کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے شروع ہو گا، ملتان سلطانز افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مقابلہ کرے گی۔