Time 10 فروری ، 2023
پاکستان

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں سے متعلق اسپیکر کا فیصلہ برقرار رکھا: اسپیکر آفس

عدالتی فیصلے میں استعفے منظور کرنے کے اسپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے کو نہیں چھیڑا گیا: اسپیکر آفس۔ فوٹو فائل
عدالتی فیصلے میں استعفے منظور کرنے کے اسپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے کو نہیں چھیڑا گیا: اسپیکر آفس۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے 35 ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق لاہور  ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہو گیا۔

اسپیکر آفس کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول فیصلے میں عدالت نے پی ٹی آئی کے 35 ارکان کے استعفوں سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کر کے سماعت مکمل ہونے تک دوبارہ انتخاب کرانے سے منع کیا ہے، عدالتی فیصلے میں استعفے منظور کرنے کے اسپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے کو نہیں چھیڑا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کے 22 جنوری کے نوٹیفکیشن کی کاپی نہیں لگائی گئی، اسپیکر کے فیصلے کے خلاف کوئی عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

اسپیکر آفس کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا مؤقف درست ثابت ہوا ہے، تمام معاملات کو آئینی و قانونی لحاظ سے دیکھ کر فیصلہ کیا گیا۔

اسپیکر آفس کے مطابق اسپیکر نے استعفوں پر ناصرف غور کیا بلکہ بارہا پی ٹی آئی ارکان کو طلب کیا، بار بار طلبی کے باوجود پی ٹی آئی ارکان نہ آئے اور استعفے منظور کرنے کا مطالبہ کرتے رہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی منظوری دے دی تو اس کے بعد اعتراض کیا جو غیر آئینی تھا۔

مزید خبریں :